کاروار:6/جولائی (ایس اؤنیوز)ہرسال مسلمان عیدالاضحیٰ کےموقع پر مقدس حج فریضہ کو اداکرنے مکہ الکرمہ اور مدینہ المنورہ جا کر عبادات اور دعاؤں کا اہتمام کرتے ہیں،حج اسلام کے فرائض میں سے ایک اہم فرض ہے۔ زائرین حج کے موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہوئے دعائیں مانگتے ہیں ہماری التجا ہے کہ وہ اپنی دعاؤں میں ملک کی سلامتی ، امن وامان اور ترقی کی خاطر بھی دعائیں کرنے کی ضلع رجسٹرار دفتر کے آفیسر محمد علی نے زائر ین سے درخواست کی۔
وہ یہاں ساحل ایجوکیشن سوشیل ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ہرسال کی طرح امسال بھی حج کے لئے جانے والے زائرین کو ضلعی اسپتال میں منعقدہ ٹیکہ دینے والے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ضلع کارگزار سرجن ڈاکٹر وشوناتھ ریڈی اور قومی و ریاستی ایوارڈ یافتہ نذیر احمد شیخ اور ڈاکٹر سویتا نے پروگرام میں شامل ہوکر زائر ین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ساحل ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر محمد کلیم نے پروگرام کی صدارت کی۔ کاروار جامعہ مسجد کے مولانا دادیرول قادری نے قرأت اور حج کے فرائض پرروشنی ڈالی۔ ٹرسٹ کے نائب صدر ابراہیم کلور نے استقبال کیاتو ایم ای شیخ نے شکریہ اداکیا۔ پروگرام میں ٹرسٹ کے سکریٹری عبدالرشید خان ، اے ایچ دوڈمنی ، مشتاق مومن، محمد اکبر شیخ، زلفی ابراہیم شیخ، سلیم شیخ وغیرہ موجود تھے۔ پروگرا م کے بعد ضلع کے مختلف مقامات سے حج اداکرنے والے زائرین کو ٹیکے لگائے گئے ۔ ضلع اسپتال کی نرسس سسٹر تارابائی سونےمنے ، سلوچنا نائک، رکمنی نائیڈو، ایملیا، ریکھا اور ونیا نے مکمل تعاون پیش کیا۔